ریاست اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ پیر کے روز رامپور پہنچے۔ جہاں انہوں نے رامپور کے گاندھی اسٹیڈیم میں عوامی اجتماع میں 64 کروڑ کی لاگت والے منصوبوں کا افتتاح کیا۔ اس دوران وزیر اعلی نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے اپنی حکومت کی حصولیابیاں گنائیں۔
وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اپنے طے شدہ دورے کے تحت آج رامپور پہنچے۔ اسمبلی انتخابات 2022 سے چندماہ قبل وزیر اعلی یوگی نے رامپور میں 64 کروڑ کی لاگت سے تیار ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔
اس دوران انہوں نے رامپور کے گاندھی اسٹیڈیم میں عوام سے خطاب کیا۔
انہوں نے خطاب میں اپنی پانچ سالہ حکومت کی حصولیابیاں گنائیں۔ اور کہا کہ اترپردیش اب جرائم سے پاک ریاست بن چکی ہے۔ گذشتہ حکومتوں میں جرائم پیشہ عناصر کے حوصلے بلند تھے جبکہ بی جے پی حکومت میں لاء اینڈ آرڈر پر سختی سے عمل آوری کرائی جا رہی ہے۔
یوگی نے کورونا میں کئے گئے کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت نے تمام لوگوں کے لئے بلا تفریق مفت ویکسین کا نظم کیا جبکہ پہلے کی حکومتوں نے کبھی فری ویکسین نہیں دیں۔
وزیر اعلی یوگی نے اسمبلی انتخابات 2022 کا ذکر کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ آئندہ بھی بی جے پی کو جیت دلواکر حکومت بنائیں۔