اتر پردیش کے کشی نگر کے ہاٹا اسمبلی حلقہ کے جھانگا بازار میں وجے رتھ سے پہنچے سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ مرکز کی مودی حکومت پبلک سیکٹر کے اداروں کو بیچنے اور ملک کو نجی ہاتھوں میں دینے کی تیاری کر رہی ہے۔ مہنگائی کی وجہ سے عام لوگ پریشان ہیں۔ ریاست کے کسان اپنی پیداوار بیچنے کے لیے دربدربھٹک رہے ہیں۔ نہ کھاد مل رہی ہے اور نہ ہی کسانوں کو گنے کی بقایا قیمت مل رہی ہے۔
پی ایم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے، سابق وزیر اعلی نے کہا کہ کچھ دنوں پہلے مودی جی کشی نگر میں ایئرپورٹ کا افتتاح کرنے نہیں، بلکہ اسے فروخت کرنے کے لئے دیکھنے آئے تھے۔ بی جے پی سرمایہ داروں کی پارٹی ہے۔ بی جے پی ایئرپورٹ، ریل سمیت کئی اداروں کو پرائیویٹ ہاتھوں میں بیچنے کا کام کر رہی ہے۔ کسان دھان بیچنے کے لیے خریداری مراکز کے چکر لگا رہے ہیں۔ گنے کے کروڑوں روپے کے بقایا جات ہیں۔ ڈیزل، پیٹرول، سرسوں کا تیل، رسوئی گیس کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں، لیکن اس سے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑ رہاہے۔ مرکزی حکومت اپنے صنعتکار دوستوں کی جیبیں بھرنے کا کام کر رہی ہے۔