سابق مرکزی وزیر اور سماجوادی پارٹی کے فاؤنڈر ممبر مرحوم بینی پرساد ورما کی سنیچر کو پہلی برسی تھی۔ اس موقع پر ریاست اتر پردیش کے بارہ بنکی شہر کے موہن لال ڈگری کالج میں انہیں خراج عقیدت پیش کرنے لاکھوں کی تعداد میں ان کے حامی پہونچے۔ اس موقع پر تمام طبقات کے افراد نے ان کے کاموں کو یاد کیا۔
واضح ہو کہ 27 مارچ 2020 کو لاک ڈاؤن کے دوران بینی پرساد ورما کا انتقال ہو گیا تھا۔ ان کے آخری رسومات میں ان کے حامی شرکت نہیں کر پائے تھے۔ ان کی پہلی برسی پر ان کے مجسمے کی نقاب کشائی کے لئے خاص تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ سابق وزیراعلیٰ اور سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو کے ہاتھوں یہ کام مکمل ہوا۔ انہوں نے اس موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے مرحوم بینی پرساد ورما کے کاموں کو یاد کیا۔ انہوں نے بینی پرساد ورما کے تمام طبقات کے اقلیتی طبقے کے لئے کیے گئے جدوجہد کو یاد کیا اور کارکنان سے ان کی ہی طرح کام کرنے کی نصیحت دی۔