کولگام:نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ ’کشمیر فائلز‘ نامی فلم کوسچائی کے ساتھ کھلواڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فلم میں طرح طرح کے جھوٹ دکھائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس وقت پنڈتوں نے کشمیر سے ہجرت کی اس وقت یہاں نیشنل کانفرنس کی حکومت نہیں تھی بلکہ گورنر راج تھا اور مرکز میں بی جے پی کی حمایت والی وی پی سنگھ حکومت تھی۔
ان کا کہنا ہے کہ پنڈتوں کے ساتھ جو ہوا ہمیں اس پر افسوس ہے لیکن یہاں مسلمانوں اور سکھ برادری کے لوگوں نے بھی قربانیاں دی ہیں۔
موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں ایک پارٹی ریلی کے حاشئیے پر نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا "پہلے میں یہ فلم ( دی کشمیر فائلز) بنانے والے سے جاننا چاہتا ہوں کہ یہ ڈاکومنٹری ہے یا کمرشل فلم ہے اگر یہ ڈاکومنٹری ہے تو جو دکھا گیا ہے وہ صحیح ہے لیکن فلم بنانے والے خود بھی کہتے ہیں کہ یہ حقیقت پر مبنی فلم ہے۔"
ان کا کہنا ہے کہ فلم میں طرح طرح کے جھوٹ دکھائے گئے ہیں، بالخصوص اس وقت کی حکومت کے متعلق۔