مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا میں کووڈ پروٹوکال کے تحت عقیدت و احترام کے ساتھ پر امن طور پر یوم عاشورہ منایا گیا۔ مختصر طور پر ہر جلوس نکالے گئے۔ زنجیر شکنی بھی کووڈ پروٹوکال کے تحت امام باڑہ کے احاطے میں منعقد کیا گیا۔ کولکاتا کے بی بی انارو امام باڑہ میں سینکڑوں شعیان حسین نے زنجیر شکنی کے ذریعے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔
تاریخ اسلام میں عاشور کا دن نہایت ہی اہمیت کا حامل ہے۔ آج کے دن پوری دنیا میں ہمارے رسول حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے نواسے امام حسین کی قربانیوں کو یاد کرکے ان سے اپنی محبت عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔ روز عاشورہ امام حسین ان کے اولاد و اصحاب کی شہادت کا دن ہے۔ جسے یاد کرکے ان کے چاہنے والے ان اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کرتے ہیں اور زنجیر شکنی سینہ کوبی کرکے یہ بتانا چاہتے ہیں کہ اگر وہ میدان کربلا میں موجود ہوتے تو وہ اپنی جان قربان کر دیتے۔
پوری دنیا میں آج کے دن مختلف مذاہب کے لوگ امام حسین کی قربانی کو یاد کرتے ہیں۔ امام حسین کی عقیدت و محبت میں اپنے خون کا نذرانہ پیش کرتے ہیں۔کولکاتا میں یوم عاشورہ بہت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ کووڈ پروٹوکال کے تحت حکومت مغربی بنگال کی گائڈ لائن کا بھی خیال رکھا گیا۔کولکاتا کے بی بی انارو امام باڑہ میں سینکڑوں کی تعداد میں شعیان حسین نے ماتم کیا اور یوم عاشور جیسے پر سوز دن کو یاد کیا۔
بی بی انارو امام باڑہ کولکاتا کا معروف ترین امام باڑہ ہے۔کافی تعداد میں یہاں محرم کے موقع پر لوگ جمع ہوتے ہیں۔ محرم کی پہلی تاریخ سے یہاں دس محرم تک مجلس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔