الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے لیے نامزد کیے گئے چاروں مبصرین اس ہفتے کے آخر تک بنگال پہنچ جائیں گے۔ ان میں سے دو سپروائزر آئی اے ایس افسر اجے وی نائک اور وی مرلی کمار ہیں۔ اجے نائک کو پورے انتخابات کی نگرانی کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ وہیں، وی مرلی کمار کو امیدواروں کے ذریعہ ہونے والے اخراجات کی نگرانی کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ دو خصوصی پولیس مبصرین کی بھی تقرری کی گئی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ بنگال میں کسی بھی طرح سے انتخابی تشدد نہ ہو اور انتظامیہ کی مبینہ ساز باز سے دھاندلی نہ کی جائے۔ آئی پی ایس وویک دوبے اور مرینال کانتی داس کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
سابق آئی پی ایس آفیسر وویک دوبے کو لوک سبھا انتخابات کے دوران بھی یہ ذمہ داری دی گئی تھی۔ حکمران جماعت ترنمول کانگریس نے ان پر بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کا الزام عائد کیا تھا۔ اب ایک بار پھر الیکشن کمیشن نے انہیں بنگال کا چارج سونپا ہے۔ اس کے علاوہ، مرینال کانتی داس کو بھی اعلی سطح کے افسران میں شامل کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ چاروں سپروائزر اتوار سے پہلے ہی بنگال آئیں گے تاکہ حکمران جماعت اور اپوزیشن جماعتوں کی شکایات پر کارروائی کی جاسکے۔