کولکاتا: مغربی بنگال میں پانچویں مرحلے کی پولنگ ختم ہوگئی ہے اور الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق تشدد اور جھڑپ کے معمولی واقعات کے دوران 45 حلقوں میں 15,789 پولنگ بوتھز پر ایک کروڑ سے زائد ووٹروں نے حق رائے دہی کا استعمال کیا ہے۔ کمیشن کے ذرائع کے مطابق شام 5 بجے تک 78.36 فیصد پولنگ ہوئی ہے۔ کمیشن کے ذرائع کے مطابق 81 فیصد سے زائد پولنگ ہونے کا امکان ہے۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق شام 6.30 بجے تک کالمپونگ میں 69.56 دارجلنگ میں 74.70فیصد، جلپائی گوڑی میں 81.61فیصد ، شمالی 24پرگنہ میں 85.14 فیصد، ندیا میں 81.50 فیصد اور مشرقی بردوان میں 81.76 فیصد پولنگ ہوئی ہے۔
دی گنگا اسمبلی حلقہ کے علاقے کرولگچہ میں مقامی لوگوں نے الزام لگایا ہے کہ سنٹرل فورسز نے فائرنگ کی۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ یہاں پرامن ماحول میں پرامن ووٹنگ جاری تھی۔ اچانک ہی مرکزی فورسز کے 8-9 اہلکار نے فائرنگ کردی۔ تاہم اس معاملے میں کوئی زخمی نہیں ہوا ہے۔