مغربی بنگال میں آج چار اسمبلی حلقوں جنوبی 24 پرگنہ کے گوسابا، شمالی 24 پرگنہ کے کھردہ، ندیا کے شانتی پور اور کوچ بہار کے دن ہاٹا میں ضمنی انتخابات کے لیے آج ووٹنگ ہوئی۔ ان چار اسمبلی حلقوں میں حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اور حزب اختلاف کے رہنماؤں کے درمیان لفظی جنگ ہوئی اور ایک دوسرے کے خلاف الزام تراشی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
ذرائع کے مطابق ریاست کے چار اسمبلی حلقوں میں ہوئی ووٹنگ کے دوران دن ہاٹا، شانتی پور میں بی جے پی کے پولنگ ایجنٹ کو بوتھ میں داخل ہونے سے مبینہ طور پر روکنے کی کوشش کی گئی۔ چار اسمبلی حلقوں میں ووٹنگ کی فیصد 72.48 کے آس پاس رہا۔ ندیا ضلع کے شانتی پور میں 76.14، جنوبی 24 پرگنہ کے گوسابا میں 75.91،کوچ بہار کے دن ہاٹا میں 69.97 اور شمالی 24 پرگنہ کے کھردہ میں 63.90 فیصد ووٹنگ ہوئی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا کہ چاروں اسمبلی حلقوں میں پرامن ضمنی انتخابات منعقد کئے گئے۔ کہیں سے بھی کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ہے۔ کمیشن کے مطابق کھردہ کے گھولہ تھانے علاقے میں فرضی ووٹر کو روکا گیا جبکہ دن ہاٹا میں بی جے پی کی جانب سے پولنگ ایجنٹ کو بوتھ میں نہ بیٹھنے کی شکایت درج کرائی گئی ہے۔