کورونا کے قہر کے باوجود مغربی بنگال میں وزیر اعظم مودی کی ریلیوں سے خطاب پر سخت تنقیدوں کے درمیان بی جے پی نے واضح کیا ہے کہ وزیر اعظم مودی حسب پروگرام ریلیوں سے خطاب کریں گے اور ان کے کسی بھی شیڈول میں کوئی بدلاؤ نہیں کیا جارہا ہے۔ 22 اپریل کو وزیر اعظم مودی چار ریلیوں سے خطاب کریں گے۔
مغربی بنگال اسمبلی انتخابات بی جے پی کے لیے وقار کی جنگ بن چکی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ ہر روز بنگال میں کئی ریلیوں سے خطاب کررہے ہیں۔ یوگی کے کورونا سے متاثر ہونے کی وجہ سے ان کا پروگرام رد ہوگیا ہے۔ تاہم راج ناتھ سنگھ اور سمرتی ایرانی و دیگر مرکزی وزرا بنگال میں ریلیوں سے خطاب کر رہے ہیں۔
دوسری جانب سی پی ایم نے بڑی بڑی ریلیوں کے پروگرام کو رد کر دیا ہے اور کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی بنگال میں تمام ریلیوں کو رد کردیا ہے۔