مشرقی ریلوے کے مطابق ویسٹ بنگال بینک امپلائی ایسوسی ایشن کی جانب سے بینک ملازمین کو بھی لاک ڈاؤن کے دوران اسپیشل ٹرین کے ذریعہ سفر کرنے کی اجازت کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
بینک ملازمین نے ریلوے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا مشرقی ریلوے کے مطابق بینک امپلائی ایسوسی ایشن کے مطالبے کے خط کو وزارت ریلوے کے پاس بھیجا گیا تھا، ریلوے بورڈ نے مطالبے کو گرین سگنل دے دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ریلوے اور محکمہ صحت کی طرح بینک ملازمین بھی اسپیشل ٹرین کے ذریعہ سفر کریں گے۔
دوسری طرف ویسٹ بنگال بینک امپلائی ایسوسی ایشن کے صدر سنجے برمن نے ریلوے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس کی سخت ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ بینک ملازمین کو لاک ڈاؤن کے دوران اپنے اپنے دفتروں تک پہنچنے میں کافی زیادہ پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ بینک کے ملازمین کو صبح 10 بجے سے لے کر دوپہر دو بجے تک کام کرنا پڑتا ہے، ریاست کے مختلف اضلاع سے بینک ملازمین بڑی مشکل سے کولکاتا پہنچتے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چھ مئی کو کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے مدنظر ریاستی حکومت نے لوکل ٹرین اور میٹرو ریل کی خدمات معطل کردی تھی۔ مشرقی ریلوے نے اپنے ملازمین کے لیے اسپیشل ٹرین چلانے کا اعلان کیا۔ اس کے بعد ڈاکٹرز، نرسز سمیت صحت مراکز میں کام کرنے والے ملازمین کو اسپیشل ٹرین سے سفر کرنے کی اجازت دی گئی۔
ویسٹ بنگال بینک امپلائی ایسوسی ایشن نے بینک ملازمین کو بھی اسپیشل ٹرین کے ذریعہ سفر کرنے کی اجازت دینے کے لیے خط لکھا تھا، جس پر ریلوے کی جانب سے مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان کی اپیل کو قبول کرلیا گیا ہے۔