ممتا بنرجی نے ریاستی سکریٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تری پورہ میں ترنمول کانگریس کو روکنے کے لیے بی جے پی غنڈہ گردی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تری پورہ میں امن و امان نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ترنمول کانگریس کو تری پورہ میں کوئی روک نہیں سکتا۔
تری پورہ میں ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے درمیان ٹکرائو میں اضافہ ہوا ہے۔ اگرتلہ کے جن ہوٹلوں میں ترنمول کانگریس کے لیڈران قیام کررہے ہیں وہاں بھی مسائل پیدا ہورہے ہیں۔
ترنمول کانگریس نے الزام عائد کیا ہے کہ انتظامیہ ہوٹل پر دبائو ڈال رہی ہے کہ ترنمول کانگریس کے لیڈروں کو کمرہ فراہم نہ کریں۔ ہوٹل کی بجلی منقطع کرنے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔
ترنمول کانگریس نے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی لیڈروں کے کھانے کی فراہمی میں رخنہ ڈالا جارہا ہے۔
وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ تری پورہ میں ہوٹل میں قیام کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔یہ ایک مبالغہ نہیں ہے۔ جمہوریت کا مذاق ہے۔دوسروں کو جمہوریت کاسبق دینے والے آج خود جمہوریت کا مذاق اڑانے لگے ہیں۔