وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ مرکزی حکومت اقتدار میں ہونے کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے میرے فون کال ٹیپ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کس سے بات کررہی ہوں، کس سے کیا بات کررہی ہوں اس کو ریکا رڈ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قانون کے خلاف ہے اور اس کی سی آئی ڈی جانچ کی جائے گی۔
خیال رہے کہ ایک دن قبل ہی بی جے پی کے آئی ٹی سیل کے سربراہ امیت مالویہ نے سیتل کوچی فائرنگ معاملے میں ممتا بنرجی اور سیتل کوچی سے ٹی ایم سی کے امیدوار کے درمیان بات چیت کو لیک کرتے ہوئے دعویٰ تھا کہ ممتا بنرجی لاش کے ساتھ احتجاج کرنے والی تھیں۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ ہم اس معاملے کو ہلکے میں نہیں لے رہے ہیں۔ ہم نے اس معاملے میں الیکشن کمیشن سے شکایت کی ہے۔
ممتا بنرجی نے مشرقی بردوان میں تین ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں کس سے بات کر رہی ہوں اس کو ٹیپ کیا جارہا ہے۔ یہ ایک بہت بڑی بدعنوانی ہے۔ میں جاننا چاہتی ہوں کہ میرے فون کالز کون ریکارڈ کررہا ہے۔ میں سی آئی ڈی کی تحقیقات کا حکم دوں گی۔ مرکزی حکومت ہر ایک کے فون کال کو ریکار ڈ کر رہی ہے۔