ریاست مغربی بنگال میں 2021 ہونے والے اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کے ساتھ ساتھ سیاسی جماعتوں کے مابین لفظی جنگ بھی عروج پر ہے۔ وہیں ایک جانب جہاں حکمراں جماعت پارٹی کے اندرونی اختلاف کو دور کرنے کی کوشش میں بھی مصروف نظر آرہی ہے تو دوسری جانب بی جے پی آئندہ اسمبلی انتخابات میں سابقہ پارلیمانی انتخابات کی تاریخی کامیابی کو دہرانے کے لئے پرعزم ہے۔
ان تیاریوں کے مابین بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش نے ترنمول کانگریس پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہاکہ' اسمبلی انتخابات سے قبل حکمراں جماعت آپسی انتشار اور اختلاف کی شکار ہے، انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس کے ایک نہیں کئی رہنما بی جے پی میں شامل ہونے کے لئے رابطہ میں ہیں'۔
دلیپ گھوش کا مزید یہ بھی کہنا ہے کہ' ترنمول کانگریس کے رہنماؤں اور کارکنان کو اپنی ہی پارٹی پر بھروسہ نہیں ہے' بی جے پی رہنما کے مطابق ریاستی وزیر شھبندو ادھکاری سمیت درجنوں رکن اسمبلی پارٹی کی سربراہ ممتابنرجی کے خالف بیان بازی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ' ہم ترنمول کانگریس کے اندرونی اختلاف کا فائدہ اٹھانا نہیں چاہتے ہیں، کیونکہ یہ ان لوگوں کا اندرونی معاملہ ہے'۔