وزیر داخلہ امت شاہ ایک بار پھر مغربی بنگال کے دورے پر آج آئیں گے۔ امت شاہ 15 دنوں کے اندر اندر دوسری مرتبہ بنگال کے دورے پر آئیں گے۔
مغربی بنگال بی جے پی کے ریاستی صدر دلپ گھوش نے کہا کہ وزارت داخلہ نے امت شاہ کے دورے سے متعلق تمام تفصیلی معلومات جاری کر دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات سے قبل امت شاہ کا مغربی بنگال آمد کئی اعتبار سے اہمیت کا حامل ہے۔ اس سے کارکنان کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
رکن پارلیمان کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کے شیڈول کے مطابق وزیر داخلہ امت شاہ پہلے شمالی بنگال کے ضلع کوچ بہار جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوچ بہار ضلع میں پریورتن یاترا کا افتتاح کرنے کے بعد رہنماؤں سے ملاقات کرکے اسمبلی انتخابات کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ امت شاہ کوچ بہار سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوچ بہار سے شمالی 24 پرگنہ کے ٹھاکر نگر آئیں گے۔ ٹھاکر نگر میں امت شاہ عوامی جلسے کے دوران متوا سماج کے لوگوں کو خطاب کریں گے۔ قیاس آرائی ہے کہ امت شاہ شہریت ترمیمی ایکٹ کو لے کر کوئی بڑا فیصلہ کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ 30 جنوری کو وزیر داخلہ امت شاہ مغربی بنگال کے دورے پر آنے والے تھے لیکن دہلی میں واقع اسرائیلی سفارت خانے کے سامنے بم دھماکہ ہونے کے باعث آخری لمحات میں وزارت داخلہ نے دورے کو رد کرنے کا اعلان کیا تھا۔
غور طلب ہے کہ متوا سماج کے لوگوں نے شہریت ترمیمی ایکٹ نافذ کرنے کے لئے مرکزی حکومت پر دباؤ بنائے رکھے ہوئے ہیں۔ بی جے پی کے رکن پارلیمان شانتانو ٹھاکر متوا سماج کے لوگوں کو شہریت ترمیمی ایکٹ کے ذریعہ بھارتی شہریت دینے کی حمایت کرتے ہیں۔