محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں ہواؤں کا دباؤ بننے کے سبب سے یاس نامی طوفان آئندہ 26 مئی کو مغربی بنگال کے ساحلی اضلاع سے ٹکرانے کا امکان ہے۔ خلیج بنگال میں ہواؤں کا دباؤ گہراتا جا رہا ہے، جس کے سبب یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ یاس نامی طوفان کا اثر 22 مئی کی درمیانی شب سے دیکھا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق مغربی بنگال میں 23 مئی سے ہلکی پھلکی بارش شروع ہو سکتی ہے جو 24 اور 25 مئی تک جاری رہے گی۔ جلیج بنگال میں ہواؤں کا دباؤ زیادہ ہو جانے کے بعد آئندہ 25 مئی کی رات اور 26 مئی کی صبح یاس نامی طوفان مغربی بنگال کے ساحلی اضلاع سے ٹکرانے کا امکان ہے، اس دوران 140 سے 150 کیلو میٹر کی رفتار ہوائیں چلیں گی۔
علی پور محکمہ موسمیات کی پیشں گوئی کے بعد مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ریاستی چیف سکریٹری الاپن بنرجی سمیت دوسرے اعلیٰ حکام کے ساتھ اہم میٹنگ کی۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وزیراعلیٰ ممتابنرجی کی یاس نامی طوفان کو لے کر اعلیٰ حکام کے ساتھ یہ دوسری میٹنگ ہے۔