بی جے پی حامیوں کی جانب سے نبنو مارچ کے دوران تشدد کا مظاہرہ کیا گیا۔کئی جگہوں پر پولiس کے ساتھ جھڑپ بھی ہوئی۔ بی جے پی حامیوں نے پولیس کی جانب سے لگائے گئے بیریکیٹس توڑے جس کے نتیجے میں پولس نے واٹر کینن کا استعمال کیا۔
ہاوڑہ میدان،ہیسٹنگ اور سنترا گاچھی میں پولس پر اینٹ پتھر برسائے گئے جس کے بعد پولیس کی طرف سے لاٹھی چارج کیا گیا۔ بی جے پی کے نبنا مارچ کے تعلق سے پہلے ہی یہ قیاس کیا جار رہا تھا کہ ہنگامہ آرائی ہو گی اور ہوا بھی ایسا ہی، بی جے پی کارکنان اور پولیس کئی جگہوں پر متصادم ہوئے۔
بی جے پی کے نبنا مارچ کی وجہ سے شہر کا ٹرافیک نظام بھی بری طرح متاثر رہا۔ہاوڑہ کی طرف جانے والے تمام راستوں کو بند کر دیا گیا تھا۔بی جے پی یوتھ مورچہ کی جانب سے آج بی جے پی حامیوں کے قتل،بے روزگاری اور نوجوانوں کے لئے نوکری اور دوسرے موضوع پر نبنا مارچ کا اعلان کیا گیا تھا۔
کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے ریاستی سیکریٹریٹ کو آج بند کر دیا گیا تھا۔بی جے پی نے آج چار ریلیاں نکالنے کا منصوبہ بنایا تھا۔سنترا گاچھی، ہاؤڑہ میدان، بی جے پی صدر دفتر اور ہیسٹنگ سے بی جے پی کے رہنماؤں کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔
جسے پولیس نے پہلے سے ہی بیریکیٹس لگاکر ناکام بنانے کی پوری تیاری کر لی تھی۔نبنا جانے والے تمام راستوں کو بند کر دیا گیا تھا۔بی جے پی کے حامیوں نے پولس کے بیریکیٹس کو توڑنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں پولس نے ان کو منتشر کرنے کے لئے واٹر کینن اور آنسو گیس کے شیل کا استعمال کیا۔
ہیشٹنگ، ہوڑہ میدان اور سنترا گاچھی پولیس اور بی جے پی حامی ایک دوسرے سے متصادم ہو گئے۔ بی جے پی حامیوں کی طرف سے پولیس پر اینٹ پتھر پھینکے گئے جس کے بعد پولیس نے لاٹھی چارج کر دیا۔