کورونا وائرس کی لڑائی میں پرشانت کشور مغربی بنگال حکومت کی مدد کریں گے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن میں پرشانت کشور کو دس سال کام کرنے کا تجربہ ہے۔ ممتا بنرجی ان کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہیں۔ انہوں نے بنگال کے محکمہ صحت کے اہلکاروں سے بنگال میں کورونا وائرس کے حالات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
کورونا وائرس سے لڑائی کے لیے ریاستی حکومت پر عزم ہے اور وزیر اعلی ممتا بنرجی کئی اقدامات کر رہی ہیں اور ساتھ ہی ان اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے خود موقع پر پہنچ کر جانچ کر رہی ہیں کہ ان کی ہدایات پر کس طرح سے عمل کیا جا رہا ہے۔
کورونا وائرس کو کس طرح قابو کیا جائے اس سلسلے میں ریاستی حکومت نے دو کمیٹیاں بھی تشکیل دی ہے۔ سیاسی معاملوں کے ماہر پرشانت کشور پہلے ہی ممتا بنرجی کے سیاسی معاملات میں لائحہ عمل طے کر رہے ہیں۔ اب ممتا حکومت نے کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں بھی ان کی مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
صحت کے میدان میں دس سال کام کرچکے پرشانت کشور کی مدد سے ریاستی حکومت ریاست میں کورونا وائرس پر قابو پانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پرشانت کشور کولکاتا میں ہی موجود ہیں اور انہوں نے محکمہ صحت کے اہلکاروں اور ڈاکٹروں سے اس پر تبادلہ خیال بھی کیا ہے۔ کتنے لوگ اب تک متاثر ہوئے ہیں اور کس ہسپتال میں متاثرہ کتنے لوگ ہیں۔اس کے علاوہ مہاجر مزدوروں کے مسئلے کو بھی انسانی طور پر حل کرنے پر غور و فکر کر رہے ہیں۔
حکومت مغربی بنگال سرگرمی سے اس لڑائی میں کام کرنے کے باوجود ریاست میں کورونا وائرس کے متعلق ڈیٹا کو لیکر اپوزیشن کی جانب سے لگاتار حملے ہو رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر کئی طرح کے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ حکومت کی شبیہ خراب نہ ہو اس میں بھی ریاستی حکومت کی پرشانت کشور مدد کریں گے ۔