بی جے پی نے بیہالہ مشرق اور مغرب سے دو سلیبریٹی شرابنتی چٹرجی اور پائل سرکار کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ جمعرات کے روز ان کی حمایت میں متھن چکرورتی روڈ شو کرنے والے تھے لیکن پولیس انتظامیہ کی جانب سے آج ان کو اطلاع دی گئی کہ ان کو روڈ شو کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔ جس کے بعد بی جے پی کے حامیوں نے پولیس انتظامیہ کے خلاف احتجاج شروع کر دیا۔
بیہالہ کے پورنا شری تھانہ کے سامنے بی جے پی کے حامی دھرنے پر بیٹھ گئے پولیس اہلکاروں کے ساتھ ان کی بحث و تکرار بھی ہوئی۔
روڈ شو کی اجازت نہ ملنے پر بی جے پی امیدوار شرابنتی چٹرجی نے کہا کہ ترنمول کانگریس نے شکست کے خوف سے یہ کام کیا ہے۔ اس طرح کے حربے اپنا کر وہ بی جے پی کو نہیں روک سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے کام کون اور کیوں کر رہا ہے یہ واضح ہے۔ لیکن اتنا خوف کس بات کا ہے۔ ہم رکنے والے نہیں ہیں'۔
انہوں نے کہا روڈ شو میں متھن چکرورتی کے علاوہ شبھیندو ادھیکاری اور راجیب بنرجی کی بھی آنے کی بات تھی لیکن ان کو بھی اجازت نہیں دی گئی ہے۔
بی جے پی حامیوں نے کئی گھنٹوں تک پولیس انتظامیہ کے اس فیصلے کے خلاف احتجاج و دھرنا جاری رکھا جس کے نتیجے میں پورنا شری تھانہ کے پاس بی جے پی حامیوں کے ساتھ بحث و تکرار بھی ہوئی۔