مغربی بنگال کے جنوبی 24 پرگنہ کے نواب واجد علی شاہ کی تاریخی نگری مٹیا برج میں مولانا محمد جوہر علی گرلس ہائی اسکول کو تقریباً پانچ برسوں کی کڑی محنت اور بھر پور کوششوں کے بعد ہائر سیکنڈری کا درجہ ملا ہے۔
ترنمول کانگریس کے سینیئر رہنما اور رکن کونسل اور مولانا محمد علی جوہر گرلس ہائر سیکنڈری اسکول کے جنرل سکریٹری شمس الزماں انصاری نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مٹیابرج کی موجودہ تعلیمی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا۔
ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کرتے ہوئے رکن کونسل شمس الزماں انصاری نے کہا کہ یہ ایک خواب تھا جو آج شرمندۂ تعبیر ہوا۔ اس میں بھی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کا نمایاں رول رہا ہے۔ ان کی وجہ سے ہی اس اسکول کو ہائر سیکنڈری کا درجہ ملا۔
انہوں نے کہا کہ مولانا محمد علی جوہر گرلس ہائر سیکنڈری اسکول کا درجہ ملنے پر مٹیابرج کے عوام، بالخصوص خواتین اور ادبی شعبے سے منسلک شخصیات وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کی شکر گزار ہیں۔
رکن کونسل (ایم آئی سی) شمس الزماں انصاری نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ مٹیابرج کا کوئی ایسا گھر نہ ہو جو تعلیم سے محروم رہے۔ اس کے لئے جی جان سے کوشش کررہا ہوں۔