مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر ایندھن کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے پر احتجاج درج کرتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو کم کرنے کے لیے مرکزی حکومت کی طرف سے عائد ٹیکس کی شرح کو فوری طور پر کم کیے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
خط میں وزیر اعلیٰ نے مزید الزام عائد کیا ہے کہ مرکزی پالیسی کی وجہ سے ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور عام آدمی کی اصل آمدنی میں کمی آ رہی ہے، جس سے لوگوں میں ناراضگی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم کو خط کے ذریعے یاد دلایا کہ ’’مرکز نے چار مئی سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں آٹھ مرتبہ اضافہ کیا ہے۔ صرف جون میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں چھ گنا اضافہ ہوا ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ مہنگائی کا سبب بن رہا ہے اور اس کا نتیجہ عام لوگوں کو بھگتنا پڑرہا ہے۔‘‘
ممتا بنرجی نے مزید لکھا ہے کہ مئی 2020 کے مقابلہ میں اس سال ملک کے ہول سیل پرائس انڈیکس میں 12.94فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح صارفین کی قیمت انڈیکس میں بھی 8.30فیصد کا اضافہ ہوا ہے، خوردنی تیل کی قیمتوں میں 30.6 فیصد انڈوں میں 15.2 فیصد اور پھلوں میں 12 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ صرف یہی نہیں صحت سے متعلقہ اشیاء کی قیمت بھی کورونا وبا میں 6.44 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔