مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے ریاست کے کئی اضلاع میں لگاتار بارش سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔ جنوبی بنگال کے بیشتر اضلاع سیلابی صورت حال سے دو چار ہیں۔
ممتا بنرجی نے سیلاب زدہ اضلاع کا دورہ کیا ممتا بنرجی نے جنوبی بنگال کے ہوڑہ ضلع کے آمتہ کے علاوہ اودئے نارائن پور کا بھی جائزہ لیا، پھر وہاں سے وہ ہگلی کے خانہ کل بھی جانے والی تھی لیکن موسم خراب ہونے کی وجہ سے نہیں جا سکیں۔
ممتا بنرجی نے سیلابی صورتحال کا معائنہ کرنے کے بعد وزیراعظم سے فون پر بات کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا، ساتھ ہی خط لکھ کر بھی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا۔
دوسری جانب سیلابی صورت حال پر قابو پانے کے لیے ریاست کی وزارت آبپاشی نے ڈی وی سی کو پانی نہ چھوڑنے کی ہدایت دی ہے۔ ریاست کے مختلف اضلاع میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال پر وزیراعلی ممتا بنرجی نے مرکزی حکومت کو سخت لہجے میں خط لکھا ہے۔
انہوں نے خط میں لکھا ہے کہ پنچیت، مائتھن اور تینو گھاٹ بیرج سے کافی مقدار میں پانی چھوڑا جا رہا ہے۔ ان تینوں برجوں سے اب تک دو لاکھ کیوسک پانی چھوڑا جا چکا ہے یعنی ریاست میں جو سیلابی صورت حال ہے اس کو مین میڈ کہا جا سکتا ہے۔
چھوڑے گئے پانی کی وجہ سے ہوڑہ، ہگلی، مشرقی بردوان اور بیربھوم کا ایک بڑا حصہ غرقاب ہو چکا ہے۔ وزیر اعلی ممتا بنرجی نے مزید لکھا ہے کے اس سیلاب کی وجہ سے اب تک کئی افراد کی موت ہو چکی ہے۔
اس کے علاوہ ہزاروں بیگہا کاشت کی زمین پانی میں ڈوب چکے ہیں۔ ہزاروں گھر اور راستے پانی میں ڈوب چکے ہیں۔ سال در سال پانی چھوڑ کر ڈی وی سی ریاست میں سیلابی صورت حال پیدا کر رہی ہے۔
ڈی وی سی کی کئی برسوں سے مرمت نہیں کی گئی ہے اس لیے ذرا سا پانی جمع ہوتے ہی پانی چھوڑ دیا جاتا ہے۔ ڈی وی سی کی مرمت ضروری ہے ورنہ اس صورت حال سے نجات مشکل ہے۔
واضح رہے کہ ممتا بنرجی سڑک کے راستے ہوڑہ کے آمتہ پہنچی تھی اور انھوں نے سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کی یقین دہانی کی۔ پورے علاقے میں پانی بھرا ہوا تھا اس کے باوقجود وازیراعلیٰ راستے میں کھڑے ہوکر ہی افسران کے ساتھ صورت حال کا جائزہ لیا۔