مغربی بنگال کے دارلحکومت کولکاتا میں 19دسمبر کو ہونے والے میونسپل کارپوریشن انتخابات Kolkata Municipal Elections کی وجہ سے سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔
اسمبلی انتخابات 2021 کی ناقص کارکردگی سے قطع نظر کانگریس پارٹی کولکاتا میونسپل کارپوریشن انتخابات کے ذریعہ ایک نئی شروعات کے لئے پُر عزم ہے۔
وارڈ نمبر 75 سے کانگریس پارٹی کے امیدوار محمد عقیل پیشے سے ایک ٹیکسی ڈرائیور ہیں۔ وہ گزشتہ 32 برسوں سے کانگریس پارٹی سے وابستہ ہیں۔برسوں سے پارٹی سے جڑے ہونے کی وجہ سے ہی انہیں امیدوار بنایا گیا ہے۔
وارڈ نمبر 75 میں سی پی آئی ایم کے امیدوار فیاض احمد خان، ترنمول کانگریس کے امیدوار نظام الدین شمس اور محمد عقیل کے مابین سہ طرفہ مقابلہ ہے۔
ای ٹی وی بھارت سے بات چیت میں محمد عقیل نے کہا کہ وہ پیشے سے ایک ٹیکسی ڈرائیور ہیں۔ مالی اعتبار سے کمزور ہو سکتے ہیں۔ لیکن پارٹی کے حساب سے کافی مضبوط ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ ان کے سامنے دو بڑے اور طاقتور رہنما ہیں۔ لیکن انہیں راہل گاندھی کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ عوام کے دلوں میں کانگریس کا ایک اہم مقام ہے اور اسی وجہ وہ (عوام) میری حمایت کرے گی۔
کانگریس کے امیدوار کا کہنا ہے کہ کانگریس کی مدد سے ہی ممتا بنرجی پہلی مرتبہ رکن پارلیمان بنیں۔ 2011 میں کانگریس کی مدد سے ہی لفٹ فرنٹ کے 35 سالہ دور اقتدار کو اکھاڑ کر ہی ممتابنرجی پہلی مرتبہ وزیراعلیٰ بنیں۔ لیکن سیاسی مفاد کے لئے آج وہ کانگریس کو کمزور کرکے بی جے پی کو مضبوط بنانے پر آمادہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس کو ختم کرنا ممتابنرجی سمیت دوسرے رہنماؤں کی بس کی بات نہیں ہے۔ آج وہ لوگ کانگریس کو چھوڑ کر جا رہے ہیں جو اپنے مقاصد کو حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
واٹ گنج سے کانگریس کے امیدوار اور پیشے سے ٹیکسی ڈرائیور محمد عقیل کا کہنا ہے کہ کے میونسیپل انتخابات میں کامیابی ملتی ہے تو واٹ گنج میں ایک ہسپتال بنائیں گے تاکہ مقامی باشندوں کو علاج کے لئے دور دراز کے اسپتالوں میں نہ جانا پڑے۔