ریاست میں جاری لاک ڈاؤن تھری کا 38 واں دن تھا۔ ڈیڑھ مہینے سے جاری لاک ڈاؤن اور کورونا گائیڈ لائن پر سختی سے عمل کرنے کی وجہ سے یومیہ کیسز اور شرح اموات میں غیرمعمولی کمی آئی ہے۔ ریاست میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے یومیہ کیسز کی تعداد 2,788 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 72 دنوں میں پہلی مرتبہ کورونا کے کیسز کی یومیہ تعداد تین ہزار سے کم ریکارڈ کئے گئے ہیں۔
مغربی بنگال میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 58 لوگوں کی موت ہوئی ہے جو گزشتہ کل کے مقابلے سات کم ہے. گزرتے وقت کے ساتھ مغربی بنگال کورونا وائرس کی دوسری لہر سے نجات پانے کی دہلیز پر پہنچ چکی ہے لیکن اس کے سامنے کورونا کی تیسری لہر سے نمٹنے کا سنگین چیلنج ہے جبکہ دوسری لہر کی رفتار سست پڑنے کے باوجود کورونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 14،77،037 تک پہنچ چکی ہے. اس بیماری سے اب تک 17،240 لوگوں کی موت ہو ئی ہے.کورونا وائرس سے نجات پانے والے مریضوں کی تعداد 14،37،106 تک پہنچ چکی ہے۔