ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا میں عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر گلیوں سڑکوں کی مرمت کی جا رہی ہے، ساتھ ہی لوگوں سے یہ اپیل بھی کی جا رہی ہے کہ وہ جلوس میں بچوں کو لانے سے گریز کریں اور سماجی دوری کا خیال رکھیں۔ عید میلادالنبیﷺ کو اب چند روز باقی رہ گئے ہیں جس کے تحت کولکاتا شہر و اطراف کے مسلم آبادی والے علاقوں میں جلوس محمدی ﷺکا اہتمام کیا جائے گا۔
اس موقع کی مناسبت سے بھی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے راستوں کی مرمت کی جا رہی ہے۔عام طور پر جیسا درگا پوجا کے موقع پر دیکھا جاتاہے۔ لیکن پہلی بار ایسا ہو رہا ہے کہ عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر جلوس محمدی کے مد نظر خراب راستوں کی مرمت کی جا رہی ہے۔
ہوڑہ ضلع کے مسلم آبادی والے علاقوں میں جن راستوں سے جلوس محمدی کا گزر ہوگا ان راستوں کی مرمت کی جا رہی ہے۔ساتھ جلوس محمدی میں شامل ہونے والوں کے لیے خصوصی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔