ریاستی حج کمیٹی نے گذشتہ برس لاک ڈاؤن کے دوران بیت الحجاج نیوٹاؤن کو کورونا کے مریضوں کے لیے کوارنٹائن سینٹر میں تبدیل کر دیا تھا۔ اس بار بھی ریاستی حج کمیٹی نے نیو ٹاؤن میں موجود بیت الحجاج کو کوارنٹائن سینٹر اور سیف ہوم میں تبدیل کر دیا ہے جس میں کورونا سے متاثر مریضوں کے لیے بیڈ کا انتظام ہے اور ان کا علاج بھی کیا جائے گا۔
مغربی بنگال ریاستی حج کمیٹی کے ایکزیکٹیو افسر محمد نقی نے بتایا کہ ریاستی حج کمیٹی کے نیو ٹاؤن میں موجود بیت الحجاج و امپاورمنٹ سینٹر کو کورونا سے متاثر مریضوں کے علاج کے لیے اور کوارنٹائن سینٹر میں تبدیل کیا گیا ہے۔ یہاں پر گذشتہ 9 اپریل سے کورونا کے مریضوں کا علاج بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ فی الوقت یہاں پر 171 کورونا کے مریضوں کو رکھا گیا یے۔ جب ان کی کوارنٹائن کی مدت پوری ہو جائے گی پھر ان کو گھر بھیج دیا جائے گا۔'