مغربی بنگال میں ایک طرف جہاں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے سبب روزانہ ڈیرھ سو سے زائد لوگوں کی موت ہو رہی ہے، وہیں دوسری جانب اب 'یاش' نامی طوفان کا بھی ڈر ستا رہا ہے۔
ریاستی حکومت، پولیس انتظامیہ، راحت رساں اداروں کے سامنے یاش نامی طوفان سے نہ صرف نمٹنے کا بلکہ عوام کو جانی مالی نقصانات سے بھی بچانے کا سخت ترین چیلنج درپیش ہے۔
یاش نامی طوفان کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کے مدنظر ہونے والی تباہیوں سے نمٹنے کے لئے بنگال میں تمام متعلقہ ادارے کی جانب سے جنگی سطح پر تیاریاں جاری ہیں، جنوبی 24 پرگنہ کے قصبہ تھانے کے ایڈیشنل آفیسر انچارج اسدالرحمن نے کورونا اور طوفان سے نمٹنے کے پیش نظر کی جارہی تیاریوں کے بابت بتایا کہ 'ریاستی عوام کے سامنے بیک وقت دو بڑے مشکلات کا سامنا ہے، ہم سب ایک دوسرے کے ساتھ مل کر ان چیلنجز کا نہ صرف ڈٹ کر مقابلہ کریں گے بلکہ اس پر کامیابی بھی حاصل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 'قصبہ تھانہ سمیت تھانے کے پولیس اہلکار عوام کو ریاست کی موجودہ صورتحال سے نجات دلانے کے لئے پابند عہد ہیں، بازاروں میں کورونا گائیڈ پر سختی سے عمل کرانے کی کوششیں جاری ہیں۔کیونکہ بازار ہی ایک ایسی جگہ ہے جہاں بڑے پیمانے پر لوگ آتے ہیں۔
پولیس انسپکٹر کا کہنا ہے کہ 'کورونا سے ہم نمٹ لیں گے، کیونکہ عوام کا پورا تعاون ہمیں حاصل ہے، لیکن ابھی ہمیں ایک بڑے طوفان کا بھی سامنا ہے۔