مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ کے دوران نندی گرام میں بھی تصادم کی اطلاع ہے۔ متعدد پولنگ بوتھ کے باہر بی جے پی اور ترنمول کانگریس کے کارکنان کے درمیان جھڑپ کی اطلاع پر وزیر اعلی ممتا بنرجی نے پولنگ مراکز کا دورہ کیا۔
اس دوران انہیں بی جے پی کے حامیوں کی جانب سے ناراضگی کا سامنا کرنا پڑا۔ بی جے پی حامیوں نے ممتابنرجی کے سامنے جے شری رام کے نعرے لگائے۔
ترنمول کانگریس کے لیڈروں نے شکایت کی ہے کہ بعض بوتھوں پر بی جے پی کے حامی ترنمول کانگریس کے بوتھ ایجنٹ کو پولنگ بوتھ میں داخل نہیں ہونے دے رہے ہیں۔
اس کے بعد ممتا بنرجی اپنی عارضی رہائش گاہ سے باہر نکلیں اور متعدد بوتھوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے سوناچورا، ریپارہ، بلرام پور، بوئل، نندی گرام بلاک 1 اور 2 میں پولنگ مراکز کا دورہ کیا۔
ممتا بنرجی کے انتخابی ایجنٹ شیخ سفیان نے کہا کہ وہ مختلف دیہاتوں اور بوتھوں کا بھی دورہ کریں گی جہاں سے دھمکیوں کی خبر آرہی ہے۔
نندی گرام کے بوئل علاقے کے باشندوں نےالزام لگایا کہ بی جے پی کے حامیوں نے انہیں پولنگ بوتھ پر جانے سے روکا ہے۔ ممتا بنرجی جیسے بوئل کے پاس پہنچے، بی جے پی کے حامیوں نے'جے شری رام' کے نعرے لگائے۔ پولس کے مطابق ترنمو ل کانگریس کے رہنماؤں نے بوتھ نمبر 7 میں دوبارہ پولنگ کا مطالبہ کرنے پر دونوں جماعتوں کے حامیوں کے درمیان جھڑپ ہوئی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے پولیس کی ایک بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے۔