اسمبلی انتخابات سے قبل بڑی تعداد میں دیگر پارٹیوں کے رہنما بی جے پی میں شامل ہوئے تھے لیکن اب انتخابات کے بعد بی جے پی کو بڑا دھکا لگا ہے۔ دل بدل کے کھیل کی پہلی اننگز میں سبقت حاصل کرنے والی بی جے پی کو اس کھیل کی دوسری پاری میں شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اسمبلی انتخابات 2021 کے نتائج کے بعد سے بی جے پی کو چھوڑنے کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ 72 گھنٹوں کے دوران بی جے پی کے متعدد اہم رہنماؤں نے ترنمول کانگریس میں دوبارہ شمولیت اختیار کرنے کا من بنا لیا ہے اور وہ ترنمول کانگریس کے اہم رہنماؤں سے رابطے میں ہیں۔
اس دوران مغربی بنگال بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش نے کہا کہ پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کو روکا نہیں جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات سے قبل سینکڑوں کارکن ترنمول کانگریس کو چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے تھے، ان میں سے چند لوگ اگر واپس چلے جائیں تو پارٹی کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔