مغربی بنگال میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات کے مدنظر حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے حامیوں کے درمیان تصادم ہو گیا۔
پہلے شمالی 24 پرگنہ ضلع میں ہھی دونوں پارٹیوں کے حامیوں کے درمیان جھڑپیں ہوتی تھیں لیکن اب یہ ریاست کے مختلف اضلاع میں تیزی سے پیر پھیلانے لگی ہے.
بردوان ضلع کے اقلیتی اکثریتی شہر آسنسول کے بارہ بونی علاقے میں حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے حامی آمنے سامنے آ گئے.
تصادم کے دوران بی جے پی کے حامیوں پر مبینہ طور بم پھینکنے کا الزام عائد کیا جا رہا ہے۔ جبکہ ترنمول کانگریس کے حامیوں پر علاقے میں فائرنگ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے.
ذرائع کے مطابق آسنسول کے بارہ بونی علاقے میں ریاستی حکومت کے ترقیاتی منصوبہ 'گھر گھر سرکار' کے تحت عام لوگوں کو فارم تقسیم کیے جا رہے تھے تبھی بی جے پی کے حامی 'اب اور نہیں ناانصافی' مہم کے تحت جلوس لے کر پہنچ گئے۔
دونوں پارٹیوں کے حامیوں کے درمیان زبردست جھڑپ ہوئی۔ اس دوران بم پھینکے گئے اور فائرنگ کی گئی۔ اس کی زد میں آ کر دو افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا۔ اس معاملے میں متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔