نئی دہلی: مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان ہوچکا ہے۔ ریاست کی کل 294 نشستوں کے لیے اسمبلی انتخابات آٹھ مراحل میں ہوں گے۔ پہلے مرحلے کی ووٹنگ 27 مارچ کو ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی 2 مئی کو کی جائے گی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ نے کہا کہ 'بہار کے سابق سی ای او اجئے نائک کو ریاست میں خصوصی مبصر مقرر کیا گیا ہے۔ ریاست میں نظم و نسق کی بحالی کے پیش نظر کمیشن نے دو خصوصی مبصرین کو منتخب کیا ہے۔'
الیکشن کمیشن کے مطابق ریاست میں کل آٹھ مرحلے میں ووٹنگ ہوگی۔ پہلے مرحلے کی ووٹنگ 27 مارچ کو ہوگی جبکہ دوسرے مرحلے کی ووٹنگ یکم اپریل کو، تیسرے مرحلے کی ووٹنگ 6 اپریل کو، چھوتھے مرحلے کی ووٹنگ 10 اپریل کو، پانچویں مرحلے کی ووٹنگ 17 اپریل کو، چھٹے مرحلے کی ووٹنگ 22 اپریل کو، ساتویں مرحلے کی ووٹنگ 26 اپریل کو آخری مرحلے کی ووٹنگ 29 اپریل کو ہوگی۔
چیف الیکشن کمیشن سنیل اروڑہ نے بتایا کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر اس بار انتخابات میں پولنگ بوتھز کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔ اس بار 1 لاکھ 1 ہزار 916 مراکز پر ووٹنگ ہوگی جو گذشتہ انتخابات کے مقابلے 31.65 فیصد زائد ہے۔
علاوہ ازیں چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ نے یہ بھی واضح کیا کہ سی آر پی ایف کو ریاست کے ہر حساس بوتھ میں تعینات کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سی آر پی ایف کے اہلکار مغربی بنگال سمیت ہر ریاست میں پہلے ہی پہنچ چکی ہیں۔
واضح رہے کہ رواں برس مغربی بنگال سمیت آسام، کیرالہ، تمل ناڈو اور پڈوچیری میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں جس کی تاریخوں کا اعلان کیا جا چکا ہے۔
خبروں کے مطابق اس بار مغربی بنگال میں اصل معرکہ حکمران جماعت ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے مابین ہے۔ دونوں جماعتیں اسمبلی انتخابات میں اپنی پوری طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لیے عرصے سے تیاری میں مصروف ہے۔
حکمران جماعت ترنمول کانگریس کے تعلق سے کہا جارہا ہے کہ پارٹی زمینی سطح پر اپنی پوزیشن مستحکم کرنے میں مصروف ہے۔
اسمبلی انتخابات کے پیش نظر اب تک مرکز کے متعدد وزراء نے مغربی بنگال کا دورہ کرکے عوام کو لبھانے کی کوشش کی ہے۔ جبکہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ بھی ریاست میں اپنی پوزیشن کو مستحکم کرنے کے لیے کئی دورے کرچکے ہیں اور پوری کوشش میں ہیں۔