مغربی بنگال: سرکاری اسکولز کو دوبارہ بند کرنے کا فیصلہ - education minister partho chatterjee school news
ریاستی وزیر تعلیم پارتھو چٹرجی نے منگل سے ریاستی حکومت کے ماتحت چلنے والے تمام اسکولوں کو دوبارہ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مغربی بنگال میں ان دنوں اسمبلی انتخابات2021 کی سرگرمیاں اور کورونا وائرس کے نئے کیسز کے گراف بلندیوں پر پہنچ چکی ہے۔ بنگال کے خاص طور پر دارالحکومت کولکاتا اور شمالی 24 پرگنہ میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد میں تشویشناک طور پر اضافہ ہوا ہے۔ اس سلسلے میں لوگوں میں دہشت پائی جا رہی ہے۔
ممتا بنرجی کی قیادت والی حکمراں ریاستی حکومت نے کورونا وائرس کے مدنظر حکومت کے منظور شدہ اسکولوں کو آئندہ ہدایت تک بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترنمول کانگریس کے سنئیر رہنما اور وزیر تعلیم پارتھو چٹرجی نے منگل سے ریاستی حکومت کے ماتحت چلنے والے تمام اسکولوں کو دوبارہ بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر تعلیم پارتھو چٹرجی نے کہاکہ' حقیقت یہ ہے کہ حالات بہت ہی خراب ہیں۔ اس پر پردہ ڈالنے والی ایسی کوئی بات نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ بچوں کے مستقبل سے کھلواڑ نہیں کیا جا سکتا ہے۔ مغربی بنگال کے تمام اضلاع میں کورونا وائرس دوبارہ تیزی سے پھیلنے لگا ہے۔ یہ پہلے سے زیادہ خطرناک نظر آ رہا ہے۔'
وزیر تعلیم نے کہا کہ کورونا وائرس کے مدنظر حکومتی منظور شدہ تمام اسکولوں کو آئندہ ہدایت تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس پر سختی سے عمل کیا جائے گا'۔
غورطلب ہے کہ چند مہینہ قبل ریاستی حکومت نے حکومت کی منظور شدہ اسکولوں سمیت دیگر تعلیمی اداروں میں گیارہ ماہ بعد تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ بحال کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ مغربی بنگال میں کورونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد گیارہ لاکھ تک پہنچ چکی ہے، جبکہ اس بیماری سے ریاست میں اب تک گیارہ ہزار لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔