مغربی بنگال میں کورونا کے کیسیز میں گرچہ کمی آئی ہے لیکن ریاستی حکومت نے 15 جون تک کے لیے جزوی لاک ڈاؤن میں اضافہ کر دیا ہے۔ جس کے نتیجے میں لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا ہے، خاص طور یومیہ مزدوری کرنے والے محنت کش طبقہ کو سب سے زیادہ مشکل حالات کا سامنا ہے۔
کولکاتا کے ذکریا اسٹریٹ اور بڑا بازار کاروباری علاقہ ہے جہاں سے سینکڑوں افراد کی روزی روٹی جڑی ہوئی ہے۔ یہاں پر بڑے پیمانے پر کاروبار ہوتا ہے۔ تھوک مال پہنچانے کے لیے قلی اور وین والوں کی ضرورت پڑتی ہے ۔زکریا اسٹریٹ میں کافی تعداد میں قلی اور وین چلانے والے رہتے ہیں، لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہ لوگ بے روزگار ہو چکے ہیں۔
زکریا اسٹریٹ میں وین چلانے والے نور عالم نے بتایا کہ جب مارکٹ کھلی رہتی ہے تو یومیہ چار سے پانچ سو روپے کی آمدنی ہوتی تھی لیکن اب یہ حال ہے کہ دو وقت کے کھانے کے لیے قرض لینا پڑ رہا ہے۔ وین پر ہی کھانا پینا اور سونا ہوتا ہے۔'