مغربی بنگال میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کی رفتار قابو میں آنے کے بعد تیسری لہر سے نمٹنے کی تیاریوں پر کام جاری ہے۔ حالانکہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کی رفتار مکمل طور پر سست پڑنے کے باوجود نئے کیسز کے آنے کا سلسلہ پوری طرح سے ختم نہیں ہوا ہے، لیکن ریاستی حکومت اور محکمہ صحت کے لئے اچھی بات یہ ہے کہ کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد دس سے بھی کم ہو چکی ہے۔
دارالحکومت کولکاتا میں گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے ایک بھی مریض کی موت کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ یومیہ کیسز اور شرح اموات دونوں میں ریکارڈ کمی درج کی گئی ہے۔
مغربی بنگال محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں 717 لوگوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ یومیہ کیسز کے آنے کی رفتار بے حد سست پڑ چکی ہے۔
دوسری طرف مغربی بنگال میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے نو لوگوں کی کورونا سے موت ہوئی ہے۔ گزشتہ کل کے مقابلے اس میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔