سی آئی ڈی نے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں ووٹنگ کے دوران کوچ بہار ضلع کے شیتل کوچی میں مرکزی فورس کی فائرنگ سے متعلق رپورٹ پیش کی ہے۔ جانچ ایجنسی نے جمعرات کو رپورٹ پیش کی۔ فائرنگ کے واقعہ میں چار افراد کی موت ہوگئی تھی۔
سی آئی ڈی نے ہائی کورٹ کے حلف نامہ کی طلبی کے ڈیڑھ ماہ کے اندر یہ رپورٹ پیش کی ہے۔ یہ مہر بند رپورٹ چیف جسٹس پرکاش سریواستو کی بنچ کو پیش کی گئی ہے۔ شیتل کوچی کیس کی اگلی سماعت نئے سال میں 12 جنوری 2022 کو ہوگی۔
پہلا کیس شیتل کوچی میں 12 اپریل کو رپورٹ ہوا تھا۔ وکیل امین الدین خان نے مقدمہ دائر کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق سی آئی ڈی کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سی آئی ڈی نے شیتل کوچی واقعے کی تحقیقات مکمل کر لی ہیں۔
فائرنگ کی تحقیقات کے لیے سی آئی ایس ایف کے جوانوں سے آمنے سامنے پوچھ گچھ کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ حلف نامے میں جانچ ایجنسی نے بتایا ہے کہ گولی چلانے والے سی آئی ایس ایف اہلکاروں کو پوچھ گچھ کے لیے حاضر ہونے کے لیے کہا گیا تھا لیکن وہ حاضر نہیں ہوئے۔ تفتیشی ایجنسی نے ان ملازمین کو پیش کرنے کے لیے عدالت سے مداخلت کی درخواست کی ہے۔