'امفان' طوفان نے بڑے پیمانے پر بنگال کے مختلف اضلاع کو تباہ و برباد کر دیا ہے۔ ہر طرف تباہی ہی تباہی نظر آ رہی ہے۔ لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ 50 ہزار گھر مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔کئی اضلاع میں پوری کی پوری فصل برباد ہو چکی ہے۔
وزیر اعلی ممتا بنرجی کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ سب کچھ برباد ہو گیا۔ جمعہ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ وزیر اعلی ممتا بنرجی نے تباہ شدہ علاقوں کا ہیلی کاپٹر کے ذریعے جائزہ لیا۔ اس سے قبل وزیر اعلی ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ شمالی و جنوبی 24 پرگنہ مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ جمعہ کے روز وزیر اعلی ممتا بنرجی نے جنوبی 24 پرگنہ کا نقشہ دکھاتے ہو کولکاتا ہوائی اڈے پر اعلان کیا کہ وہ ہفتے کو جنوبی 24 پرگنہ کے پاتھرپراتیما،گوشابا، باسنتی،نام کھانہ،کاکدیپ کا دورہ کریں گی ۔اس کے بعد کاکدیپ میں انتظامیہ کے ساتھ اہم میٹنگ کریں گی۔عید کے بعد مزید کئی اضلاع کا دورہ کریں گی۔