سی بی آئی نے رامپورہاٹ قتل عام معاملے میں ممبئی سے چار افراد کو گرفتارکیا ہے۔سی بی آئی کے ذریعہ یہ پہلی گرفتاری ہے۔
سی بی آئی کے ذرائع کے مطابق مرکزی ملزم لالن شیخ کے ساتھی بپا شیخ، صابو شیخ اور دیگر دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ سی بی آئی ذرائع کے مطابق انہیں ان کے موبائل فون کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔ انہیں ٹرانزٹ ریمانڈ پر بنگال لانے کی کاروائی شروع کر دی گئی ہے۔ سی بی آئی گرفتار شدگان کو جمعہ کی صبح رامپورہاٹ لانے کی کوشش کر رہی ہے۔
21 مارچ کو رام پورہاٹ کے بوگتوئی گاؤں میں ایک کے بعد ایک گھر کو آگ لگا دی گئی۔ سی بی آئی ذرائع کے مطابق گرفتار بپا، سبورا، مرکزی ملزم لالن شیخ کے ساتھ اس دن گاؤں میں ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے ساتھ شامل تھے۔ ملزمان واردات کے فوراً بعد گاؤں سے فرار ہوگئے۔ سی بی آئی کو اطلاع ملی کہ کچھ ملزم ممبئی بھاگ گئے ہیں اور وہیں چھپے ہوئے ہیں۔ اس خبر کے بعد سی بی آئی کی چھ رکنی ٹیم نے جمعرات کی صبح تلاشی مہم شروع کی۔ اس کے علاوہ موبائل فون کا ٹاور لوکیشن ٹریک بھی جاری ہے۔ مرکزی تفتیشی ایجنسی اہلکاروں نے چاروں کو دوپہر تک گرفتار کر لیا۔