ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سیکریٹری ابھیشیک بنرجی ،ممبر پارلیمنٹ ڈولا سین اور مغربی بنگال کے وزیر تعلیم برتیا باسو اور ترنمول کانگریس کے دیگر لیڈروں کے خلاف تری پورہ پولیس نے ایف آئی آر درج کیا ہے۔ان کے خلاف پولیس کے کام کاج میں روکاوٹ ڈالنے اور سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیا گیا ہے ۔
تری پورہ کے ضلع کھوئی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) کرن کمار نے کہا کہ منگل کو ترنمول کانگریس کے لیڈروں کے خلاف ایک ازخود شکایت درج کی گئی ہے، جنہوں نے 8 اگست کو ڈیوٹی پر موجود افسران کے ساتھ’’بدتمیزی ‘‘کی تھی۔ہم نے ان کے خلاف 10 اگست کو سیکشن 186 (سرکاری ملازمین کی عوامی تقریب کے دوران رکاوٹ) اور سیکشن 36کے تحت مقدمہ درج کیا ہے ۔
ترنمول کانگریس کے ترجمان کنال گھوش جن کے خلاف بھی کیس درج کیا گیا ہے، نے کہا کہ ترنمول کانگریس کی مقبولیت سے بی جے پی خوف زدہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ غلط طریقے سے ہمارے لیڈروں کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے۔ہم وہاں اپنی پارٹی ورکروں کے ساتھ کھڑے ہونے کے لئے گئے تھے۔