کلکتہ ہائی کورٹ کی پانچ رکنی بینچ نے جمعرات کو ریاست مغربی بنگال میں انتخابات کے بعد تشدد سے متعلق معاملے میں مرکزی تفتیشی ایجنسی (سی بی آئی) کو تحقیقات کا حکم دیا۔
کلکتہ ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق سی بی آئی کی جانب سے قتل، عصمت دری اور غیر فطری اموات جیسے سنگین جرائم کی انکوائری کی جائے گی۔
ہائی کورٹ کے مطابق دیگر جرائم کی تفتیش تین رکنی اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ایل) کرے گی جس کے ممبران میں کلکتہ پولیس کمشنر سومن مترا اور ریاستی پولیس ڈائریکٹر جنرل سمن بالا ساہو شامل ہوں گے۔
عدالت نے یہ بھی حکم دیا ہے کہ ایس آئی ٹی کی تحقیقات سپریم کورٹ آف انڈیا کے ایک ریٹائرڈ جج کی نگرانی میں کی جائیں گی۔ عدالت نے سی بی آئی اور ایس آئی ٹی دونوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی تفتیش کا مطالعہ کریں اور اگلے چھ ہفتوں میں رپورٹ پیش کریں۔