کلکتہ ہائی کورٹ کی الیکشن کمیشن کو ہدایت - کورونا گائیڈ لائن پر سختی سے عمل کرنا ہے
کلکتہ ہائی کورٹ نے اسمبلی انتخابات 2021 کے آٹھویں اور آخری مرحلے کی ووٹنگ کے دوران کورونا گائیڈ لائن پر سختی سے عمل کرنے کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔
مغربی بنگال اسمبلی انتخابات 2021 اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جس کی تیاریاں زور شور سے جاری ہیں۔
آئندہ 29 اپریل کو آٹھویں اور آخری مرحلے میں ریاست کے پانچ اضلاع کی 35 سیٹوں پر سخت سکیورٹی انتظامات کے درمیان ووٹ ڈالے جائیں گے۔
اس سے پہلے کلکتہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ٹی بی این رادھا کرشنن اور ارجیت بنرجی کی بینچ نے انتخابی کمیشن کو زوردار پھٹکار لگائی تھی۔
کلکتہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ٹی بی این رادھا کرشنن اور جسٹس ارجیت بنرجی کی بینچ نے کہا کہ 'کورونا کی دوسری لہر کی وجہ سے موجودہ صورتحال سنگین ہے۔ اس دوران تھوڑی سی لاپروائی جان کی مصیبت بن سکتی ہے'۔
سماعت کے دوران انہوں نے الیکشن کمیشن کو اسمبلی انتخابات 2021 کے آٹھویں اور آخری مرحلے کی ووٹنگ کے دوران کورونا گائیڈ لائن پر سختی سے عمل کرنے کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس کا جو کام ہے۔ اسی کو کرنا پڑے گا۔ کوئی دوسرا آکر نہیں کر سکتا ہے۔ متعلقہ ادارے مدد کے لیے آگے آ سکتے ہیں۔
کلکتہ ہائی کورٹ کے مطابق اس بیماری سے نمٹنے کا واحد طریقہ کورونا گائیڈ لائن پر سختی سے عمل کرنا ہے، اس کی مدد سے ہم اس بیماری سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے آٹھویں اور آخری مرحلے کی ووٹنگ کے دوران بنگال میں کورونا گائیڈ لائن پر سختی سے عمل کرنے کو یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن دائرے میں رہ کر کچھ بھی کر سکتا ہے کیونکہ انتخابی کمیشن کا ہر قدم عام لوگوں کے حق میں جا سکتا ہے۔