مغربی بنگال بی جے پی کے انچارج کیلاش وجئے ورگیہ نے آج بی جے پی کے ایک خصوصی مہم کے دوران کہا کہ آئندہ جنوری سے بنگلہ دیشی پناہ گزینوں کو بھارتی شہریت دینے کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ بی بی جے پی کے لئے بنگال کے اسمبلی انتخابات میں سی اے اے اہم موضوع ہوگا۔مغربی بنگال میں آئندہ 2021 میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ جس کے مد نظر تمام جماعتوں نے اپنی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ برسر اقتدار ترنمول کانگریس نئے نئے مہم کے تحت لوگوں تک رسائی کر رہی ہے۔
ممتا بنرجی نے ابھی 'دروازے پر سرکار' نام سے ایک مہم شروع کی ہے۔ جس میں ترنمول کانگریس کے رہنما عوام کے گھر جاکر ان کا سرکاری اسکیموں میں نام اندراج کرا رہے ہیں۔ جس کے جواب میں بی جے پی نے بھی کئ مہم شروع کی ہیں۔
بی جے پی کے رہنما بھی گھر گھر جاکر لوگوں سے مل رہے ہیں۔ ایسے ہی ایک مہم کے دوران بی جے پی مغربی بنگال کے انچارج کیلاش وجئے ورگیہ نے آج لوگوں سے ملاقات کی اس دوران انہوں نے ایک بار پھر سی اے اے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی تشدد کا شکار ہونے والے بنگلہ دیشی، پاکستانی اور افغانستان کے ہندوؤں کو بھارت کی حکومت شہریت دے گی۔