ملک کی دوسری ریاستوں کی طرح مغربی بنگال میں بھی کورونا کی دوسری لہر انتہائی بھیانک صورت اختیار کرچکی ہے، جس کی وجہ سے اموات کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 162 مریضوں کی موت ہوئی ہے۔ وہیں نئے کیسز میں کچھ کمی ریکارڈ کی جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے 19 ہزار 91 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ ریاستی محکمہ صحت کے مطابق مغربی بنگال میں حالات دیگر ریاست کے مقابلہ میں کافی بہتر ہے لیکن اموات میں اضافہ تشویش کا باعث ہے۔ محکمہ صحت نے بتایا کہ کورونا کے نئے معاملات میں کمی دیکھی جارہی ہے۔ گزشتہ 7 دنوں کے دوران 20 ہزار سے کم کیسز درج کئے گئے۔ ریاست میں جاری سخت لاک ڈاؤن کے بہتر نتائج برآمد ہورہے ہیں۔