مغربی بنگال میں آج آٹھویں اور آخری مرحلے کی پولنگ ہو رہی ہے۔ آخری مرحلے میں باقی 34 سیٹوں پر ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ شمالی کولکاتا کی سات سیٹوں پر بھی ووٹ ڈالے جار ہے ہیں۔
بیلیگھاٹا اسمبلی حلقہ میں آج صبح سے ہی پر امن طریقے سے ووٹنگ ہورہی ہے۔ ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات چیت میں مقامی لوگوں نے کہا کہ وہ پر امن بنگال چاہتے ہیں۔
کولکاتا کی باقی سات سیٹوں انٹالی، چورنگی، جوڑا سانکو، بیلیگھاٹا مانک تلہ، کاشی پور بیلگچھیا اور شیام پوکھر میں ووٹ ڈالے گئے۔
کولکاتا کی اہم سیٹوں میں سے ایک بیلیگھاٹا میں صبح سے ہی پر امن طور پر پولنگ ہوئی۔ بیلیگھاٹا اسمبلی حلقہ میں کئی مسلم علاقے راجا بازار، نارکل ڈانگہ، سیالدہ وغیرہ شامل ہیں۔ اس اسمبلی حلقہ میں بھی مسلم ووٹرس کی کافی تعداد ہے جو جیت ہار میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔ سنہ 2011 سے یہ سیٹ ترنمول کانگریس کے قبضے میں ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے نمائندہ نے اس موقع پر بیلیگھاٹا کے ووٹرس سے بات چیت کی، ووٹرس نے بتایا کہ وہ ایسی حکومت چاہتے ہیں جو بنگال کو پر امن بنائے رکھے، یہاں پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بر قرار رکھے۔
دوسری جانب کچھ ووٹروں کا کہنا ہے کہ ممتا حکومت نے بنیادی مدعوں پر کوئی خاص توجہ نہیں دی ہے لیکن بیلیگھاٹا کی خواتین ووٹرس ممتا بنرجی کے ساتھ کھڑی نظر آئیں، کچھ خواتین ووٹرس کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ریاست میں ترقیاتی کام ہو اور ممتا بنرجی کے کام سے خوش ہیں کیونکہ ممتا بنرجی نے خواتین کے لیے بہت کچھ کیا ہے، جیسے کنیا شری، روپا شری اور سواستو ساتھی جیسی سرکاری اسکیم کا خواتین ووٹرس پر خاصا اثر نظر آیا ہے۔
بیلیگھاٹا اسمبلی حلقہ میں پاریش پال کی اس بار بھی پوزیشن مستحکم نظر آ رہی ہے۔