مغربی بنگال میں کورونا وائرس کی دوسری لہر اندازے سے کئی گنا زیادہ تیزی سے پھیل رہی ہے، جس کی وجہ سے پوری ریاست اس کی زد میں آچکی ہے۔
مغربی بنگال کا ایک بھی ایسا ضلع نہیں ہے جو کورونا وائرس کی زد میں نہ ہو۔ کولکاتا اور شمالی 24 پرگنہ سب سے زیادہ متاثر ہے۔
ان دو اضلاع میں کورونا وائرس کی وبا بے قابو ہو چکی ہے۔ کورونا کے نئے کیسز کی تعداد میں تیزی اضافہ ہوا ہے۔ اس بیماری سے شرح اموات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
اسی درمیان مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے تحت آٹھویں اور آخری مرحلے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے سیاسی جلسہ و جلوس اور سیاسی سرگرمیوں کو محدود کرنے کے فیصلے کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔
بنگال پردیش کانگریس کے صدر ادھیر رنجن چودھری نے اسمبلی انتخابات کے آٹھویں اور آخری مرحلے میں پوسٹل بیلٹ پیپر کے ذریعہ ووٹنگ نہ کرانے کے لیے انتخابی کمیشن کو خط لکھا ہے۔