ممبئی پولس نے آج کولکاتا کے ٹالی گنج سے پالش باسو نام کے ایک شخص کو شیوسینا کے رہنما سنجئے راؤت اور مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے کو دھمکی دینے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
ملزم پالش باسو کو جمعہ کے روز علی پور عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں ممبئی پولس نے جانچ کے لیے ملزم کو ممبئی لے جانے کے لیے عدالت سے ٹرانزٹ ریمانڈ کی اپیل کی۔
ممبئی پولس نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سے پوچھ تاچھ کرنا ضروری ہے، عدالت نے ممبئی پولس کی ٹرانزٹ ریمانڈ کی اپیل قبول کرتے ہوئے ملزم کو 14ستمبر کو ممبئی کے عدالت میں پیش کیا جائے گا، اس سلسلے میں ممبئی پولس ایک ہفتے میں علی پور عدالت کو رپورٹ پیش کریگی۔
ذرائع کے مطابق ملزم پالش باسو پیشے سے ایک جیم ٹرینر ہے، اس نے نہ صرف سنجئے راؤت بلکہ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کو بھی فون پر دھمکی اور گالیاں دی تھی، ادھو ٹھاکرے کے پرسنل سیکریٹری نے فون کال ریکارڈ کر لیا تھا۔
پالش باسو دو برسوں تک دبئی میں بھی کام کر چکا ہے، فون پر اس نے خود داؤد ابراہیم کا ساتھی بتایا تھا، اداکارہ کنگنا رناوت کے ساتھ سنجئے راؤت کے تنازعہ کے بعد دھمکی آمیز فون کال موصول ہوا تھا، جس کے خلاف سنجئے راؤت نے شکایت درج کرائی تھی، جس کے بنا پر ممبئی ای ٹی ایس نے جانچ شروع کرتے ہوئے کولکاتا میں چھاپہ ماری کر ملزم پالش باسو کو گرفتار کیا، جبکہ ملزم کے وکیل نے سوال اٹھایا کہ اس معاملے میں ممبئی اے ٹی ایس کو کیوں ملوث کیا گیا، ملزم کےگھر سے ایک لیپ ٹاپ، موبائل فون اور دو سیم کارڈ بر آمد کیا گیا ہے جس میں ایک سیم کارڈ بین الاقوامی ہے۔
سرکاری وکیل کے مطابق ملزم پر دفعہ 505،506 کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے، کیونکہ ملزم نے دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا تعلق داؤد ابراہیم کے گروہ سے ہے، جس سے قومی تحفظ کا معاملہ بنتا ہے، آئی پی ایڈریس کے ذریعہ ملزم تک پہنچا گیا، ملزم جادب پور سے فون کال کیا تھا، جس سیم سے فون کال کیا گیا تھا وہ سیم بھی بر آمد کیا جا چکا ہے۔