ارریہ ضلع کے فاربس گنج سب ڈویژن کے رام پور جنوب وارڈ نمبر 11 میں واقع مدرسہ رحمانیہ ننکارا میں ایک 13 برس کی زیتون نامی نابینا طالبہ نے محض تین برس میں قرآن مجید حفظ کرکے مثال پیش کی ہے۔
جس سے علاقے میں خوشی کا ماحول ہے اور قرب و جوار کے لوگ اس بچی اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کر رہے ہیں۔
آج مدرسہ رحمانیہ میں منعقد دستار حفظ تقریب میں مدرسہ کے مہتمم مولانا فاروق مظہری کی جانب سے اس بچی کو حافظ قرآن کی سند، دستار اور انعامات سے نوازا گیا۔
زیتون خاتون نے تین برس کی مختصر مدت میں مدرسہ رحمانیہ کے استاذ حافظ منظر کے زیر نگرانی حفظ مکمل کی اور اب مزید اعلیٰ تعلیم کی خواہش رکھتی ہیں۔
زیتون خاتون کے والد محمد مشتاق بتاتے ہیں کہ زیتون پیدائشی نابینا ہے مگر بچپن سے ہی انتہائی ذہین ہے۔ جب وہ مکتب میں پڑھنے جاتی تھی تو اسے استاذ کا دیا سبق فوراً یاد ہو جاتا تھا۔ قوت حافظہ کو دیکھتے ہوئے انہوں نے قرآن پاک حفظ کے لیے زیتون کا داخلہ مدرسہ میں کرا دیا۔
زیتون کے والد کا کہنا ہے کہ آج انہیں اپنی بیٹی پر فخر ہے کہ انہوں نے قرآن پاک جیسی عظیم کتاب حفظ کر لی ہے۔
زیتون خاتون حفظ کے ساتھ تین تین پارے کا دور بھی سنا چکی ہیں اور اس کی بہترین یادداشت کے بنا پر آج انہیں سند اور دستار سے نوازا گیا۔