ریاست بہار، ضلع ارریہ صدر ہسپتال کے سول سرجن ڈاکٹر ایم پی گپتا نے کہا کہ کورونا مخالف ٹیکہ کاری کا اگلا مرحلہ یکم مئی سے شروع ہوگا، حکومت کے گائیڈ لائن کے مطابق اٹھارہ برس یا اس سے زیادہ عمر کے نوجوانوں کو ٹیکہ لگانے کا عمل یکم مئی سے شروع ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ محکمہ صحت نے نوجوانوں کی بڑی آبادی کو ٹیکہ لگانے کے لیے ضروری تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے، ٹیکہ لگانے کے خواہاں نوجوانوں کے رجسٹریشن کا عمل آج شام کے چار بجے سے شروع ہوگا، جس کے لیے ہسپتال میں ہی مختلف کاؤنٹر بنائے گئے ہیں۔
سول سرجن نے کہا کہ ارریہ ضلع کی آبادی تقریباً 36 لاکھ ہے جس میں بارہ لاکھ تعداد نوجوانوں کی ہے، اسی لیے ریاستی حکومت نے نوجوانوں کی بڑی تعداد کو بھی ٹیکہ لگانے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ٹیکہ لگانے سے قبل اندراج لازمی ہے بغیر اندراج کے ٹیکہ نہیں لگایا جائے گا تاکہ ٹیکہ کاری کے دوران زیادہ بھیڑ جمع نہ ہو، سول سرجن نے کہا کہ لوگوں کی بھیڑ کو دیکھتے ہوئے ٹیکہ کاری کے مقامات میں بھی اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر ایم پی گپتا نے مزید کہا کہ تمام مراکز پر حفاظتی نقطہ نظر سے سخت انتظامات کیے جائیں گے تاکہ اس دوران کسی بھی طرح کی بھیڑ کی صورت حال سے نمٹا جا سکے، اس لیے میں ارریہ کے ہر ایک نوجوانوں سے اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ یکم مئی سے آغاز ہو رہے ٹیکہ کاری مہم میں 18 سال یا اس سے زیادہ عمر کے تمام افراد ٹیکہ لینے کو یقینی بنائیں، کیونکہ کورونا مخالف ویکسین لینے سے ہی اس وبا کو روکا جا سکتا ہے۔