بدنام زمانہ ملزم نے کانگریس رہنما کا قتل کردیا - پولیس اہلکار کے بیٹے نے گولی چلاکر ایک شخص کا قتل کردیا
کانپور میں پولیس اہلکار کے بیٹے بدنام زمانہ روی یادو نے کانگریس رہنما شعیب خان کو گولی مارکر ہلاک کردیا۔
تفصیلات کے مطابق روی یادو چکیری میں رہتا ہے، اس کا اپنے پڑوس میں رہنے والے پرشانت یادو سے جائیداد کو لیکر تنازع چل رہا ہے۔ اس ضمن میں دونوں فریقوں کے بیچ بدھ کے روز ایک سمجھوتہ ہو رہا تھا تبھی دونوں میں بات بگڑ گئی اور مارپیٹ شروع ہوگئی اسی دوران روی یادو بے قابو ہوگئے اور انھوں نے اپنے گھر سے رائفل لائی اور فریق مقابل پرشانت یادو کے دوست شعیب خان کے سینے پر گولی چلادی۔
جس کے نتیجے میں کانگریسی رہنما شعیب خان لہولہان ہوکر وہیں گر گئے، انھیں ہسپتال داخل کیا گیا جہاں ڈاکٹرس نے انھیں مردہ قرار دیا۔ اس واقعے کے بعد کانگریس کارکنوں اور مقامی عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ پولیس نے موقع واردات پہنچکر معائنہ کے بعد ملزم کی تلاش شروع کی مگر تب تک روی یادو اپنے اہل خانہ کے ساتھ فرار ہوگیا۔
مقتول شعیب خان کانپور ضلع کانگریس کے جنرل سیکریٹری تھے۔ اور سابق صدر اترپردیش کانگریس راج ببر کے قریبی مانے جاتے تھے۔ یہ واردات کانپور کے چکیری علاقہ میں پیش آئی، گولی چلانے والے روی یادو کے والد جسونت سنگھ اناؤ ضلع کے ایک پولیس تھانے میں ڈرائیور ہیں۔
ان کے بیٹے روی یادو کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ علاقہ کا بدمعاش ہے، علاقہ کی عوام میں اس کا خوف پایا جاتا ہے اور مجرمانہ پس منظر کے اس پر کئی مقدمے چل رہے ہیں۔