کانگریس کی اترپردیش کی انچارج جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے کانپور میں ایک نوجوان کے اغوا کے واقعے کے معاملے پر یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ سے آسانی سے ریاست میں امن و امان کی صورتحال کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
کانگریس رہنما کی یوگی حکومت پر نکتہ چینی
ریاست اتر پردیش کے کانپور میں ایک نوجوان کے اغوا اور اسے بازیاب کرانے میں پولیس کی ناکامی پر پرینکا گاندھی نے یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
پرینکا گانڈھی نے بدھ کے روز کہا ’’کانپور میں بدمعاشوں نے ایک نوجوان کا اغوا کر لیا تھا۔ اغوا کرنے والے کنبے سے پھیروتی کی رقم مانگی گئی۔ کنبے نے مکان اور شادی کے جواہرات فروخت کرکے 30 لاکھ جمع کئے۔ پولیس کے کہنے پر گھروالوں نے پیسوں سے بھرا بیگ بھی اغوا کرنے والوں کے حوالہ کر دیا اور پولس نہ تو بدمعاشوں کو پکڑ سکی اور نہ ہی ان کے بیٹے کو رہا کرا سکی۔ اب گھر والے کافی دکھی ہیں اور ان کا برا حال ہے۔‘‘
گزشتہ دنوں گینگسٹر وکاس دوبے کے ذریعے آٹھ پولس اہلکاروں کے قتل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’یہ اسی کانپور کا معاملہ ہے جہاں کچھ روز قبل اتنا بڑا واقعہ پیش آیا تھا۔ آپ یو پی میں امن و قانون کی صورتحال کا اندازہ اسی واقعہ سے لگا سکتے ہیں۔‘‘