ریاست اترپردیش کے شہر رامپور میں واقع کلکٹریٹ دفتر میں ہلکی بارش کے سبب گندگی کا انبار لگ گیا ہے۔
وکلاء کے چیمبر تک بھرے پانی نے تالاب کی شکل اختیار کر لی ہے۔ گندگی کے انبار کی وجہ سے وکیلوں کے کلائنٹ بھی وہاں آنے سے کترارہے ہیں جس سے وکلاء کافی ناراض ہیں۔
'وزیر اعظم کی سوچھ بھارت مہم اب بھی ناکام' ایک طرف وزیر اعظم نریندر مودی نے سوچھ بھارت مشن کے تحت صفائی مہم چلا رکھی ہے۔ تو وہیں سرکاری دفاتر میں افسران صاف صفائی پر سنجیدہ نظر نہیں آرہے ہیں۔
رامپور کے کلکٹریٹ میں وکلا کے چیمبرس کے پاس بھرے پانی اور گندگی کو دیکھ کر یہ اندازہ لگانا مشکل ہو جاتا ہے کہ آپ کلکٹریٹ میں کھڑے ہیں یا گاؤں کی کسی منڈی میں۔
پیروں کے پنجوں کو چھپا دینے والی کیچڑ اور تالاب کی شکل میں یہاں ٹھرا پانی ہر آنے والے کے ذہن میں سوال چھوڑ جاتا ہے کہ ٹیلی ویژن میں جس طرح سے حکومت کی جانب سے سوچھ بھارت مشن کے تحت حصولیابیاں اور اشتہارات دکھائے جا رہے ہیں، کیا اس کی حقیقت یہی ہے؟
سوال یہ بھی پیدا ہوتا ہے کہ جب سرکاری دفاتر اور ضلع کے ہیڈکوارٹر کا یہ حال ہے، تو باقی ضلع میں حالات کیا ہو سکتے ہیں۔