جموں وکشمیر کو حاصل خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے کے دو برس مکمل ہونے کے باوجود بھی اب تک محض دو( پنجاب اور دہلی) سے تعلق رکھنے والے افراد نے جموں وکشمیر کے سرمائی دارالحکومت جموں ضلع کے چھنی ہمت علاقہ میں زمین خریدی ہیں، جب کہ وادیٔ کشمیر میں ابھی تک بیرون ریاست سے تعلق رکھنے والے کسی بھی فرد کے زمین خریدنے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
سرکاری دستاویز کے مطابق دارالحکومت دہلی سے تعلق رکھنے والے نیلم گپتا اور پرسناتھ گپتا نے جموں کے چھنی ہمت علاقہ میں ایک کنال زمین خریدی ہیں۔ جب کہ ریاست پنجاب سے بندو ورما اور وینا سرف نے چھنی بجی علاقہ میں زمین خریدی ہیں۔
سرکاری دستاویز کے مطابق دونوں افراد نے سنہ 2021 کے جنوری مہینے میں زمین کی رجسٹریشن اپنے نام کی ہیں۔
وہیں سرکاری کاغذات کے مطابق زمین بیچنے والوں کی شناخت رتیش بگوترا جموں اور امت کھجوریا ضلع ادھمپور کے کٹرا علاقہ کے طور پر ہوئی ہے۔ دفعہ 370 اور 35 اے کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر میں ان دو افراد کے بغیر ملک کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے کسی بھی فرد نے زمین نہیں خریدی ہے۔